وزیراعظم عمران خان کا انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (جنرل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا، انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں حکومت تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلے گی، سینیٹ میں زیرالتواء قانون سازی جلد مکمل کی جائے گی،انتخابات میں بدعنوانی اور پیسے کا استعمال روکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے انتخابی اصلاحات پر پی ٹی آئی کے سینئر قانون دان بیرسٹر علی ظفر نے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے سینیٹرعلی ظفر کو سینیٹ میں دیگر جماعتوں سے رابطوں کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ میں حکومت کی حکمت عملی بھی واضح کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں حکومت تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔
کوشش ہے سینیٹ میں زیرالتواء قانون سازی جلد مکمل کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سینیٹ انتخابات سے بہت سیکھا ہے، انتخابات میں بدعنوانی اور پیسے کا استعمال روکیں گے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سمری ای سی سی کو بھیج دی۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو سمری بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔ سمری میں ای سی سی سے انٹرنیٹ ووٹنگ سسٹم کیلئے28 کروڑروپے کا بجٹ منظور کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
حکام وزارت آئی ٹی کا کہنا ہے کہ ووٹنگ سسٹم میں شفافیت لانے کیلئے جدید انٹرنیٹ ووٹنگ ضروری ہوچکی۔ کنسلٹنٹ اور انٹرنیٹ ووٹنگ پر عملدرآمد کیلئے خطیر رقم درکار ہے۔ مزید برآں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پہلے وزیراعظم عمران خان اور اب ایک دوسرے کے خلاف جدوجہد میں مصروف ہیں۔ حکومت انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن زرداری اور نواز شریف کے مقدمات پر مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
پی ڈی ایم میں شامل پارٹیاں ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں، آدھی جماعتیں (ن) لیگ اور آدھی پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ اپوزیشن نے تیس مار خان بن کر دیکھ لیا ہے اور اس سے ایک مکھی تک نہیں ماری گئی اس لئے اب اپنی سیاست پر نظر ثانی کریں اور قومی سیاست کی طرف آئیں ، اپوزیشن عمران خان فوبیا سے باہر نکل آئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں