کوئنٹن کی ہنسی کچھ اور ہی بتارہی ہے وقار یونس نے بھی فخر زمان کے رن آئوٹ پر سوال اٹھا دیا

سینچورین (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک کے فخر زمان کو آئوٹ کرنے کے لیے جھانسہ دینے پر سوال اٹھا دیا۔تفصیلات کے مطابق وقار یونس نے ٹوئٹرپر کوئنٹن ڈی کوک کا جھانسہ دے کر فخر زمان کو رن آئوٹ کرنے کے بعد ہنسی کی نشاندہی کرتے ہوئے تصویر شیئرکی جس میں انہوں نے کہا کہ کوئنٹن کی یہ ہنسی آپ کو کیا بتارہی ہے؟اپنے پیغام میں وقار یونس نے کہا کہ فخر زمان کی ریکارڈ ساز اننگز شاندار تھی لیکن کوئنٹن کی ہنسی کچھ اور

ہی بتا رہی ہے۔خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان جنوبی افریقہ کے خلاف ڈبل سنچری کے قریب پہنچ کر رن آوٹ ہو گئے تھے۔فخر زمان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 155 گیندوں پر 10 چھکوں اور 18 چوکوں کی مدد سے 193 رنز بنائے۔دوسری جانب فخر زمان نے اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیئریر میں ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے۔فخر زمان نے 49 ون ڈے میچز میں 45 کی اوسط اور 95 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2 ہزار رنز مکمل کر لیے۔ان کے کیئریر میں اب تک 4 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں شامل ہیں۔فخر زمان پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں دو سو رنز بنانے والے بھی پہلے کھلاڑی ہیں۔علاوہ ازیں جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 193رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے والے فخر زمان نے کہا کہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ میری سب سے اچھی اننگز ہے۔کوشش کی پارٹنرشپ لگے لیکن ہم نے زبردست مزاحمت کی اگر تھوڑے رنز کم ہوتے تو میچ جیت جاتے اور میچ جیت جاتے تو بہت خوشی ہوتی،ڈبل سنچری نہ ہونے کا دکھ نہیں بلکہ دکھ یہ ہے کہ ہم میچ نہیں جیت سکے۔بیٹسمین کا کہنا تھا کہ بیٹنگ ہی نہیں فیلڈنگ اور باؤ لنگ میں بھی فائٹ کررہے ہیں، آخری میچ جیت کر سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں