آئندہ مالی سال کیلئے سندھ کا 22 کھرب سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

کراچی: (نیوز ڈیسک) آئندہ مالی سال کیلئے سندھ کا 22 کھرب سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، بجٹ سندھ اسمبلی میں آج دوپہر 3 بجے پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بجٹ کا کل حجم 22 کھرب سے زائد مختص کیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی بجٹ کے لیے 410 ارب روپے مقرر کیے گئے۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 سے 40 فیصد اضافے کا امکان ہے، ترقیاتی بجٹ میں کراچی کے لیے غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبوں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔

آئندہ مالی سال 24-2023 کے ترقیاتی بجٹ کا فوکس 2022 کی بارشوں اور سیلاب کے دوران تباہ ہونے والے بنیادی ڈھانچے کی بحالی پر رکھا گیا ہے۔

ترقیاتی بجٹ میں صوبے میں جاری3311 سکیموں کے لیے 291.727 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ کی منظوری: مراد علی شاھ نے سندھ کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا

سندھ حکومت نئے مالی سال 24-2023 کا بجٹ آج پیش کرنے جارہی ہے، مراد علی شاھ نے بجٹ کی منظوری کے لیے سندھ کابینہ کا اجلاس آج صبح 11 بجے طلب کرلیا ہے۔

محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن، کو آرڈی نیشن کے ڈپٹی سیکرٹری کیبنٹ نے شیڈول جاری کردیا ہے۔

وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاھ کی زیر صدارت اجلاس 11 بجے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہو گا، جس میں وزراء، مشیر، معاونین خاص اور افسران شریک ہوں گے۔ اجلاس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، جس میں گزشتہ سندھ کابینہ اجلاس کے منٹس کی منظوری لی جائے گی۔

اجلاس میں نئے مالی سال 24-2023 کے بجٹ کی منظوری لی جائے گی جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 24-2023 کی بھی منظوری لی جائے گی۔