عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع

سابق وزیراعظم کے وکیل نے عدالت سے آئندہ ہفتے تک کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی،اگر یہ وقت مانگ رہے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں،وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی روکنے کے حکم میں توسیع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی سے متعلق سماعت ہوئی،عمران خان کی طرف سے وکیل خواجہ حارث اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
خواجہ حارث نے آئندہ ہفتے تک کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روک رکھا ہے۔ اگر یہ وقت مانگ رہے ہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں،عدالت ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روکنے کا حکم واپس لے لے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی کارروائی روکنے کے حکم میں 14 جون تک توسیع کر دی،عدالت نے کیس کی سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ گھڑی کی جعلی رسیدیں دینے کے الزام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف فراڈ اور نو سربازی کا ایک اور مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ تاجر نسیم الحق کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درج کرایا گیا۔ مقدمے میں شہزاد اکبر،زلفی بخاری اور فرح خان کو بھی نامزد کیا گیا۔ مقدمے میں فراڈ،نوسربازی اور ہیرا پھیری کی دفعات شامل کی گئیں۔ مقدمے میں کہا گیا کہ دستاویز پر جعلی دستخط کیے گئے اور دستاویز کی تحقیقات بھی کرائی گئیں۔ گھڑی کی خرید و فروخت کے حوالے سے ٹرانزیکشن بھی نہیں ہوئی،ملزمان نے واضح طور پر فراڈ اور جعلی دستاویزات بنائے تھے۔ ملزمان پر گھڑی کی فروخت کے معاملے میں جعلی رسیدیں تیار کرنے کا الزام ہے۔