نیب کو پرائیویٹ بزنس کے معاملے پر تحقیقات کا اختیار نہیں،نیب کیخلاف ہتکِ عزت کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں،وکیل
لاہور (نیوز ڈیسک) فرح خان اور ان کے شوہر نے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس میں جواب جمع کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں آج فرح خان اور انکے شوہر احسن جمیل گجر کو طلب کر رکھا ہے تاہم انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے نیب طلبی کا جواب جمع کرا دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ نیب کو پرائیویٹ بزنس کے معاملے پر تحقیقات کا کوئی اختیار نہیں ہے،فرح خان اور انکے شوہر کا اپنا کاروبار ہے۔
نیب کی تحقیقات اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز ہے،بینک اکاؤنٹس کو بنیاد بنا کر شروع کی گئی چھان بین پہلے سے ظاہر کر دہ ہے۔ وکیل نے مؤقف اپنایا کہ نیب نے ریفرنس دائر کرنے سے قبل میڈیا کو جھوٹی اور بے بنیاد خبریں دے کر نیب قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر نیب افسران کو سزا دی جائے،فرح خان اور احسن گجر نیب کیخلاف ہتکِ عزت کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ نیب تحقیقات میں فرح خان اور احسن جمیل گجر کے نام 117 اکاؤنٹس کے انکشاف پر انہیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ذرائع نیب نے بتایا کہ ملزمان کیخلاف تحقیقات کے دوران 4 غیر ملکی بینک اکاؤنٹس بھی منظر عام پر آئے،بینک اکاؤنٹس میں بزدار دور میں ساڑھے 4 ارب مالیت کی مبینہ ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا۔ دونوں ملزمان کے نام مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب کی جائیدادیں بھی پائی گئیں،2021 میں فرح خان نے ایف بی آر کو 97 کروڑ کے اثاثے ظاہر کیے تھے۔
ذرائع نیب نے کہا کہ دونوں کی ملکیت میں 10 کمپنیوں کا بھی پتہ لگایا گیا،کمپنیاں مبینہ طور پر مالی لین دین کیلئے استعمال ہوتی رہیں۔ نیب تفتیشی ٹیم نے تحقیقات کے دوران فرح خان کیلئے کام کرنے والے کیش بوائے کا بھی سراغ لگایا،کیش بوائے نے مجموعی طور پر 860 ملین کیش ٹرانزیکشن کا اعتراف کیا جس کے شواہد نیب نے حاصل کر لیے تھے۔