صداقت عباسی کا پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں کی جہانگیر ترین کے ساتھ تصاویر پر ردِعمل

کل رات کی کچھ تصویریں دیکھ کر بہت دکھ ہوا ، یقین نہ آنے والے مناظر کی خفگی سے رات بھر بے سکونی رہی۔صداقت علی عباسی

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں کی جہانگیر ترین کی پارٹی میں شمولیت کی تصاویر پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل رات کی کچھ تصویریں دیکھ کر بہت دکھ ہوا ، یقین نہ آنے والے مناظر کی خفگی سے رات بھر بےسکونی رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ سے انصاف کا یقین رہنا چاہیے، بےشک اللہ الحق ہے۔


۔۔خیال رہے کہ گذشتہ شب پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینئر رہنما علیم خان کی رہائش گاہ پر عشائیہ ہوا۔ اس عشائیہ کے دوران جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے نئی جماعت کا اعلان کیا گیا۔ 100 کے قریب سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے نئی جماعت میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہنے والے فواد چودھری نے جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ بیماری کے باوجود فواد چودھری نے عبد العلیم خان کے عشائیے میں شرکت کی، سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان بھی پارٹی میں شامل ہوں گے۔ سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل ، سابق وفاقی وزیر علی حیدر زیدی، ڈاکٹر نادیہ عزیز، محمد اقبال ، محسن رضا، سعید اکبر نوانی، راشد اکبر، فیصل جبوانہ، میاں وارث، میاں کاشف، غلام محمد لالی، تیمور بھٹی، مہر اسلم بھروانہ جہانگیر ترین کے ساتھ شامل ہوگئے۔
دوسری طرف نو مئی کے واقعات کے بعد پارٹی کو خیر باد کہنے والوں میں عامر کیانی، محمود مولوی، راجہ یاور کمال، فردو عاشق اعوان، رانا نذیر، پیر سعید الحسن شاہ، عمیر نذیر، خالد محمود، جاوید انور اعوان، جلیل شرقپوری، رائے اسلم ،جے پرکاش، فاٹا سے جی جی جمال، اجمل وزیر، ملک نعمان لنگڑیال، نوریز شکور، بھی جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہوں گے۔