آئی ایم ایف نے حکومت کو تگنی کا ناچ نچایا ہوا ہے،ملک بوستان

آئی ایم ایف روز نیا مطالبہ کر دیتا ہے جس کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے،حج فلائٹس کے باعث عازمین کیلئے ڈالر کی ڈیمانڈ ہے،چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن

کراچی (کامرس ڈیسک) ملک بوستان کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے حکومت کو تگنی کا ناچ نچایا ہوا ہے،آئی ایم ایف روز نیا مطالبہ کر دیتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن ملک بوستان نے جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج فلائٹس ہیں اور عازمین کیلئے ڈالر کی ڈیمانڈ ہے،حج فلائٹس مکمل ہوں گی،اوورسیز پاکسستانی وطن واپس آئیں گے تو ڈالر کا ریٹ گرے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف روز نیا مطالبہ کر دیتا ہے،انکی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے اور قرض معاہدے میں چھ ماہ سے ڈیڈ لاک ہے۔ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے بات بھی کر لی لیکن آئی ایم ایف کی میں نہ مانو والی بات ہے۔اب انہوں نے کہا ہے کہ اسٹاف لیول کی میٹنگ ہونی والی ہے۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اخراجات میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

بجٹ سے قبل پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان رابطہ ہوا،آئی ایم ایف نے ٹیکس آمدن کا ہدف 10 ہزار ارب روپے سے زائد مقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کو مذاکرات آگے بڑھانے کیلئے راضی کر لیا ہے،پاکستان نے آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدے کرنے کی بھی درخواست کی۔ جبکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کا تخمینہ 16.6 ٹریلین روپے ہے،گزشتہ سال 9.5 ٹریلین روپے کا بجٹ تھا۔
آئندہ بجٹ میں میں لگژری آئٹمز اور بینک سے پیسے نکلوانے پر ٹیکسز بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے۔بجٹ میں 100 ڈالر سے زائد مالیت کے موبائل فونز پر ڈیوٹی بڑھنے کا بھی امکان ہے۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 20 فیصد اور پینشن میں 15 فیصد اضافہ کی تجویز ہے،بجٹ میں سیلز ٹیکس 15 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کئے جانے کا امکان ہے۔ ایف بی آر کا ٹارگیٹ 8200 بلین روپے رکھا گیا ہے جو گزشتہ سال 7000 بلین روپے تھا۔