لاہور(این این آئی)رمضان المبارک سے قبل ہی ملٹی نیشنل اور مقامی ملوں نے گھی اور آئل کی قیمتوں میں 6سے 11روپے تک اضافہ کر دیا۔اوپن مارکیٹ میں پرچون سطح پر ملٹی نیشنل برانڈ کے گھی کی فی کلو اور آئل کی فی لیٹر قیمت 6روپے اضافے سے 305سے بڑھ کر311روپے ہو گئی جبکہ پانچ پیکٹ کی پیٹی کی قیمت1480روپےسے بڑھ کر 1555روپے تک پہنچ گئی۔ درجہ دوم گھی کی قیمت 8.33روپے اضافے سے252.50روپے فی کلو جبکہ 12پیکٹ کی پیٹی کی قیمت2930روپے سے بڑھ کر 3030روپے، فی لیٹر آئل کی قیمت 10روپے اضافے سے262روپے فی لیٹر جبکہ 12پیکٹ کی پیٹی کی
قیمت3030سے بڑھ کر 3150روپے کی ہو گی۔ اسی طرح دیگر مقامی برانڈز کے گھی اور آئل کی فی پیٹی کی قیمت میں بھی 75سے 120روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب ملک میں چینی کی قیمت کی اڑان جاری ہے۔ ملک میں چینی کی قیمت 110 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جڑواں شہروں میں ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ ہوا، جڑواں شہروں اورپشاور میں چینی کی قیمت 110 روپے تک پہنچ گئی ہے، لاہور میں چینی 110 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالا میں فی کلو چینی کی قیمت 102 روپے تک ہوگئی ہے، سیالکوٹ، کراچی میں چینی کی قیمت 105 روپے فی کلو، فیصل آباد میں چینی 104 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے، سرگودھا، ملتان بہاولپوراور لاڑکانہ میں چینی کی قیمت 100 روپے فی کلوتک ہے، حیدرآباد میں چینی فی کلو 98 سکھر میں 96 روپے تک فروخت ہورہی ہے۔