ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر7.7 فیصد کی کمی ریکارڈ

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر7.7 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالے سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لیکر اپریل تک کی مدت میں جرمنی، فرانس، ہالینڈ، سپین، اٹلی اور یورپی یونین کے دیگرممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.590 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7.7 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یورپی یونین کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.805 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ارسال کیا تھا، اپریل میں یورپی یونین کے ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 257.3 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جومارچ میں 297 ملین ڈالر اور گزشتہ سال اپریل میں 297.2 ملین ڈالرتھا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں سالانہ بنیادوں پر13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔