سینچورین، اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے میچ کے اختتام پر فخر زمان کے رن آئوٹ معاملے پر میچ ریفری سے بات کی۔ذرائع کے مطابق مینیجر منصور رانا نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ سے زبانی بات کی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے باضابطہ تحریری طور پر شکایت نہیں کی گئی۔پاکستان ٹیم مینجمنٹ واقعہ میچ ریفری کےعلم میں لیکر آئی۔جوہانسبرگ میں دوسرے ون ڈے کے دوران فخر زمان کے متنازع رن آوٹ پر غیر ملکی کرکٹرز نے بھی حیرت کا اظہار کیا ۔واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ فخر زمان
کی شاندار اور جارحانہ اننگز کی وجہ سے دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بنا رہا۔ میچ میں لوگوں کے غم و غصے کا اظہار اس وقت شامل ہوگیا جب جنوبی افریقی وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے فخر زمان کو آئوٹ کرنے کے لئے جھانسا دیا۔دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق ، بیٹنگ کوچ یونس خان نے جنوبی افریقہ کے خلاف فخر زمان کی کار کر دگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں فخر زمان کی اننگز ٹیم کے لیے بہت مفید رہے گی۔ اپنے بیان میں مصباح الحق نے کہاکہ فخر زمان کی اننگز ایک شاندار اننگز تھی، انہوں نے تن تنہا اتنے بڑے ہدف کے تعاقب میں زبردست شاٹس کھیلیں۔مصباح الحق نے کہاکہ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنز میں فخر زمان کی یہ اننگز ٹیم کے لیےبہت مفید رہے گی۔بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہاکہ میری لائیو کرکٹ کی یہ سب سے بہترین اننگز تھی۔ یونس خان نے کہاکہ اننگز کی سب سے اچھی بات فخر زمان کا نیا انداز اپنانا تھا، انہوں نے ثابت کیا کہ وہ ایک لمبی اننگز کھیل سکتے ہیں۔ یونس خا ن نے کہا کہ انہوں نے میدان کےچاروں طرف اسٹروکس کھیلے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہاکہ فخر زمان کی 193 رنز کی اننگز ون مین شو تھا، فخر زمان کی ڈبل سنچری مکمل نہ ہونے کا دکھ ہے۔بابراعظم نے کہاکہ اگر ان کے ساتھ کوئی اور بیٹسمین کریز پر ہوتا تو میچ جیت سکتے تھے، دوسرے اینڈ سے وکٹیںگرنے کے باوجود فخر زمان فوکس رہے۔ بابراعظم نے کہاکہ ٹیل اینڈرز کے ساتھ کریز سنبھالنے کے باوجود انہوں نے کلین ہٹنگ کی۔ محمد حفیظ نے کہاکہ ایک کرکٹ فین کی حیثیت سے فخر زمان کی اننگز کا بہت لطف اٹھایا، بحیثیت سینئر کرکٹر فخر زمان کی اننگز دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ امام الحق نے کہاکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ایسی اننگز بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں، فخر زمان کی پاؤر ہٹنگ شاندار تھی، فخر زمان نے ثابت کیا کہ وہ تن تنہا میچ کا پانسہ پلٹنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔