پاکستان مسلسل تیسری بار جونیئر ایشیا کپ ہاکی کے فائنل میں پہنچ گیا

سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی

صلالہ (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلسل تیسری بار جونیئر ایشیا کپ ہاکی کے فائنل میں پہنچ گیا۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائیشیا کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے شکست دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے عبدالرحمٰن نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ شرٹ نمبر 18 عبدالرحمٰن نے میچ میں تین گول اسکور کیے۔ ملائشیا کے پیرابو تنگراجا نے 21 ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی ، 42 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد صفیان نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔
44 ویں منٹ میں عبدالرحمٰن نے پاکستان کو برتری دلائی، اگلے منٹ ملائیشیا نے مقابلہ برابر کیا، 47 ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کو پھر برتری دلادی۔ عبدالرحمٰن نے 48 ویں اور 51 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کی برتری مستحکم کی، 58 ویں منٹ میں ارباز احمد نے گول کرکے اسکور پاکستان کے حق میں چھ ۔
دو کردیا۔ جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔

اس سے قبل عمان میں جاری جونیئر ایشیا کپ ہاکی میں پاکستان نے جاپان کو 2-3 سے ہراکر ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا، صلالہ میں ہونیوالے میچ میں پاکستان کی جانب سے عبدالوہاب نے 2 اور ارباز احمد نے ایک گول اسکور کیا۔ کھیل میں جاپان کو دوسرے منٹ میں کومپی یوسودا نے پنالٹی کارنر پر برتری دلائی، پاکستان کے ارباز نے 23 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ برابر کیا۔ 30 ویں منٹ میں عبدالوہاب نے فیلڈ گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی مگر 38 ویں منٹ میں جاپان کے ہوتا یامادا نے گول کرکے مقابلہ ایک بار پھر برابر کیا البتہ ایک منٹ بعد عبدالوہاب نے اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا گول کرکے ٹیم کو پھر برتری دلائی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔