فواد چودھری کا پی ٹی آئی چھوڑنے کے بعد جہانگیرترین سے رابطہ

فواد چودھری اور جہانگیرترین کے درمیان سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہنے کے بعد سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے سینئر سیاستدان جہانگیرترین سے رابطہ کرلیا ہے، فواد چودھری اور جہانگیرترین کے درمیان سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی ہے۔ جیو نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کے بعد سینئر سیاستدان جہانگیرترین کے ساتھ ٹیلفونک رابطہ کیا ہے، بتایا گیا ہے کہ فواد چودھری اور جہانگیرترین کے درمیان سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر بات چیت ہوئی ہے۔
یاد رہے جہانگیرترین نے لاہور میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، اور مختلف سیاسی رہنماء ان سے رابطے کررہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چھبیس منحرف اراکین اسمبلی نے شمولیت کیلئے مسلم لیگ ق سے رابطہ کرلیا ہے، ق لیگی قیادت سے رابطہ کرنے والوں میں سابق اراکین اسمبلی فیض اللہ کموکا اورچوہدری اخلاق و دیگر شامل ہیں۔
پی ٹی آئی چھوڑنے والے ارکان نے ق لیگ میں شامل ہونے کا اظہار کیا ہے۔

منحرف ارکان نے آئندہ الیکشن لڑنے کیلئے ٹکٹ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔مسلم لیگ ق نے چوہدری سرور کو رابطوں کی ذمہ داری دے دی۔چوہدری سرور کو دوسری جماعتوں سے بات چیت کی ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی۔ تحریک انصاف کے اراکین کی ایڈجسٹمنٹ کا اختیار بھی چوہدری سرور کو دے دیا گیا۔ق لیگ سے رابطے کرنے والوں کی اکثریت کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے بانی مرکزی رہنماء سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل ، علی زیدی، ہاشم ڈوگر، سمیت درجنوں ارکان نے پی ٹی آئی،عمران خان اور سیاست کو خدا حافظ کہہ دیا۔