پی ٹی آئی کو سینیٹ میں بھی بڑا دھچکا لگنے کا امکان

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت کئی سینیٹر پی ٹی آئی چھوڑنے کے لیے تیار، باقاعدہ اعلان پریس کانفرنس میں کریں گے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) 9 مئی کو چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے ملک بھر میں پرتشدد ہنگامے کیے گئے،سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا اور فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔پولیس کی جانب سے مختلف ویڈیوز اور جیو فینسنگ کے ذریعے حملوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے اور شناخت پریڈ کرنے کا عمل جاری ہے۔
9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے کئی رہنما پارٹی کو خیر باد کہہ چکے ہیں جن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو ووٹوں سے منتخب ہو کر اسمبلیوں کا حصہ بنے۔اب تک پی ٹی آئی کے کئی رہنما پارٹی کو خیر باد کہہ چکے ہیں جن میں عامر کیانی،فیاض الحسن چوہان،شیریں مزاری اور فواد چوہدری سمیت دیگر رہنما شامل ہیں۔
اسد عمر نے پی ٹی آئی کو تو نہیں چھوڑا البتہ پارٹی عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔

پی ٹی آئی کو ایوان بالا میں بھی جھٹکا لگنے کا امکان ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت کئی سینیٹر پی ٹی آئی چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔ سینیٹرز پارلیمنٹ میں اب سے کچھ دیر بعد پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کریں گے۔سینیٹرز پریس کانفرنس میں 9 مئی کے واقعات کی پر زور مذمت کریں گے اور تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر سکتے ہیں۔جب کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی چھوڑنے والے ارکان کی بنیادی رکنیت ختم کر دی ہے۔
فواد چوہدری کو کور کمیٹی گروپ سے نکال دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی رول آف لسٹ سے بھی کور کمیٹی ارکان کے نام ہٹا دئیے گئے۔ عمران خان نے مرکزی و صوبائی قیادت کو پارٹی چھوڑنے والوں کو گروپس سے نکالنے کی ہدایت کر دی۔عامر کیانی،امین اسلم کے بعد شریں مزاری اور اسد عمر کور کمیٹی واٹس ایپ گروپ چھوڑ گئے۔