9 مئی واقعات، ذمہ داروں کو قوم معاف نہیں کرے گی، آرمی چیف

راولپنڈی: (نیوز ڈیسک) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات کے ذمہ داروں کو قوم معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی۔

یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کے حوالے سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرنے پولیس لائن اسلام آباد کا دورہ کیا، آرمی چیف نے اسلام آباد پولیس کے آفیسرز اور جوانوں کے ساتھ پولیس کے شہداء کے لواحقین سے خطاب کیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا جو کچھ 9 مئی کو ہوا وہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو مجروح کرنے والوں کو قوم نہ معاف کرے گی نہ ہی بھولے گی اور ایسے امر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ وہ شہداء جنہیں اللہ رب العزت نے حیاتِ جاوداں عطا فرما دی، اُن کی قربانیوں کو کوئی زائل نہیں کر سکتا، پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہیں جو ملک و قوم کے وقار کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔

آرمی چیف نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آج کے دن پاکستانی عوام اور پاک افواج تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہیں اور کھڑی رہیں گی۔

اس سے قبل پولیس لائن آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کا استقبال انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کیا۔