سینئر صحافی سمیع ابراہیم کو گرفتار کر لیا گیا

پولیس نے سمیع ابراہم کو دفتر سے گھر جاتے ہوئے راستے میں روکا، گاڑی سے اتار کر حراست میں لیا اور نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سینئر صحافی سمیع ابراہیم کو پولیس نے گرفتار کر لیا گیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق پولیس نے سمیع ابراہم کو دفتر سے گھر جاتے ہوئے راستے میں روکا، گاڑی سے اتار کر حراست میں لیا اور نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق پولیس نے سمیع ابراہم کو اسلام آباد کے سیونتھ ایونیو روڈ سے گرفتار کیا۔
صحافی سمیع ابراہیم کو کہاں منتقل کیا گیا، اس حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔ پولیس کی دو گاڑیوں نے سمیع ابراہیم کو روکا اور حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب سینئر صحافی عمران ریاض کے والد نے بیٹے کی بازیابی کے لئے ایک اور درخواست دائر کی ، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ کسی شہری کو بازیاب کرانا وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔
درخواست میں وزیراعظم،نگران وزیراعلیٰ اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، کسی شہری کو بازیاب کرانا وزیر اعظم کی ذمہ داری ہے۔

متفرق درخواست میں کہا گیا کہ وزیر اعظم اپنی ذمہ داری ادا کرنے کے پابند ہیں، استدعا ہے کہ وزیر اعظم اپنی ذمہ داری ادا نہیں کرتے تو ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ یاد رہے دو روز قبل لاہور ہائیکورٹ میں سینئر اینکر عمران ریاض کی بازیابی کیلئے درخواست پرسماعت ہوئی تھی ، جس میں آئی جی پنجاب عثمان انوار نے بتایا تھا کہ عمران ریاض خان پاکستان کی کسی ایجنسی کے پاس نہیں، ہم نے آف دی ریکارڈ سب سے رابطے کیے ہیں،عدالت وزارت دفاع اور وزارت داخلہ کو نوٹس کردے تو معاونت ہوسکے۔