کورکمانڈر ہاؤس حملہ کیس کی مرکزی ملزمہ خدیجہ شاہ گرفتار

خدیجہ شاہ پر کورکمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے کا الزام ہے، خدیجہ شاہ کی گرفتاری کیلئے پولیس کئی روز سے چھاپے مار رہی تھی، خدیجہ شاہ نے سی آئی اے اقبال ٹاؤن میں پیش ہوکر گرفتاری دیدی

لاہور(نیوز ڈیسک) پولیس نے کورکمانڈر ہاؤس حملہ کیس کی مرکزی ملزمہ خدیجہ شاہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جناح ہاؤس کی مرکزی ملزمہ ،سابق وزیرخزانہ سلمان شاہ کی بیٹی خدیجہ شاہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ خدیجہ شاہ پر کورکمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے کا الزام ہے۔
خدیجہ شاہ کی گرفتاری کیلئے پولیس کئی روز سے چھاپے مار رہی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 9مئی کے واقعات میں مطلوب خدیجہ شاہ سی آئی اے اقبال ٹاؤن پولیس میں پیش ہوئیں، خدیجہ شاہ ایس ایس پی سی آئی اے ملک لیاقت کے سامنے پیش ہوئیں۔ جہاں پر ڈی ایس پی سی آئی اے محمد علی بٹ نے خدیجہ شاہ کو باقاعدہ گرفتار کرلیا ہے۔
یاد رہے 20 مئی کو پنجاب پولیس 9 مئی کو کورکمانڈر جناح ہاؤس پر حملے کی مرکزی ملزمہ خدیجہ شاہ کی رہائش گاہ پر ان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا، لیکن پولیس دیکھ کر خدیجہ شاہ گھر کے پچھلے دروازے سے فرار ہوگئی تھیں۔

جس کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی آگئی ہے، عمر شیخ نام کے شخص نے خدیجہ شاہ کو پناہ دی، پولیس نے خدیجہ شاہ سے متعلق تمام ثبوت حاصل کرلئے تھے۔ خیال رہے نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے مرد پولیس اہلکاروں کو خواتین کی حراست سے روک دیا۔ پنجاب بھر میں 9 مئی کو 138 مقدمات میں 500 سے زائد خواتین اس وقت مطلوب ہیں۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کو ہر صورت گرفتار کیا جائے گا ۔
فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث خواتین کسی رعایت کی مستحق نہیں ہیں۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی کہ ان مقدمات میں ملوث خواتین کی گرفتاری لیڈیز پولیس کے ہمراہ یقینی بنائی جائے اور کوشش کی جائے کہ گرفتار خواتین کو لیڈیز پولیس سٹیشن میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اے ٹی سی(انسداد دہشت گردی) کی دفعات کے تحت درج ایف آئی آرز میں شامل خواتین کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔ فوجی مقامات پر حملوں خاص طور پر جناح ہاؤس کے اندر و باہر موجود خواتین کو لیڈیز پولیس سٹیشن میں آکر خود گرفتاری دینے کی صورت میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔