کچہ مورو میں آپریشن کامیاب، پولیس نے علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا

رحیم یار خان: (کرائم ڈیسک) پنجاب پولیس کا کچہ کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن 45ویں روز میں داخل ہوچکا ہے، پولیس نے کچہ مورو میں ڈاکوؤں کے خلاف کامیاب آپریشن کے بعد علاقے کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق کچہ مورو میں ڈاکوؤں کی کمین گاہوں پر راجن پور پولیس کی جانب سے 3 نئی پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں، آر پی او ڈی جی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کچہ میں فرنٹ لائن پر جوانوں کے ہمراہ موجود ہیں۔

ترجمان کے مطابق کچے کا 75 فیصد حصہ دہشت گردوں، ڈاکوؤں سے کلیئر کروا لیا گیا ہے اور مزید پیش قدمی جاری ہے، آپریشن میں اب تک 7 ڈاکو ہلاک، 31 گرفتار جبکہ 13 سرنڈر کر چکے ہیں، فورسز نے ڈاکوؤں کے قبضے سے 9 مغوی بھی بازیاب کروائے ہیں۔