لاہور( این این آئی)اوپن مارکیٹ میں پرچون سطح پر چینی کی قیمت فروخت کے سرکاری نوٹیفکیشن پر عملدرآمد نہ ہو سکا اور بدستور100سے105روپے فی کلو پر فروخت جاری ہے ، مختلف علاقوں میں دکانداروںنے جرمانوں اور گرفتاریوں کے خوف سے چینی کی فروخت بند کر دی ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے چینی کی ایکس مل قیمت85روپے اور پرچون قیمت 85روپے فی کلو فروخت کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے بعد صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ہیں لیکن اس کے باوجود کہیں بھی چینی کی سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق فروخت شروع
نہیں ہو سکی ۔ ہول سیل ڈیلرز اور پرچون دکانداروں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر چینی کی فراہمی یقینی بنائے ہم اس کے مطابق فروخت کے لئے تیار ہیں ۔ مختلف علاقوں میں دکانداروں نے چینی کی فروخت بند کر دی ہے او ران کا موقف ہے کہ سارا دن میں دس کلو چینی فروخت کر کے ہزاروں روپے جرمانے اور سلاخوں کی ہوا نہیں کھا سکتے ۔