معروف اداکار اور ڈرامہ نویس شعیب ہاشمی انتقال کرگئے

لاہور: (نیوز ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکار، دانشور ، ڈرامہ نویس اورپروفیسرشعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ۔

شعیب ہاشمی کے بیٹے عدیل ہاشمی نے والد کے انتقال کی خبر کی تصدیق کی ہے ۔

شعیب ہاشمی کی اہلیہ سلیمہ ہاشمی کے مطابق ان کے شوہر گزشتہ 15 برس سے فالج کے مرض میں مبتلا بستر تک محدود تھے، وہ بول سکتے تھے اور نہ خود سے چل پھرسکتے تھے۔

شعیب ہاشمی نے گورنمنٹ کالج لاہور سے ماسٹر آف آرٹس اور لندن سکول آف اکنامکس سے معاشیات کی ڈگری حاصل کی ، انہوں نے لندن سے تھیٹر کی ڈگری بھی حاصل کررکھی تھی ۔

وہ کئی برس گورنمنٹ کالج لاہور میں درس و تدریس سے منسلک رہے ، پاکستان میں ٹیلی ویژن کے ابتدائی دور میں شعیب ہاشمی کے پروگرام زبردست مقبول ہوئے، انہوں نے معروف ڈرامے لکھے اور ان میں اداکاری بھی کی ، ان کے معروف ڈراموں میں اکڑبکڑ، سچ گپ، ٹال مٹول شامل ہیں۔

شعیب ہاشمی نے 1990 میں نجی اخبارمیں ٹال مٹول کے نام سے کالم نگاری بھی کی ، انہیں 1995میں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی اورتمغہ امتیازسے نوازا گیا۔

شعیب ہاشمی کی شادی پاکستان کے نامور شاعر فیض احمد فیض کی بیٹی سلیمہ ہاشمی سے ہوئی، ان کے دو بچے عدیل ہاشمی اور میرا ہاشمی ہیں۔