وقار یونس کی عمران خان کو ’لڑائی‘ جیتنے پر مبارکباد

“لڑائی جیت لی لیکن جنگ جیتنی ابھی باقی ہے، کپتان عمران خان کو مبارک ہو”: سابق کپتان کا ٹویٹ

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی حراست سے رہائی کے بعد ان کے سابق ساتھی وقار یونس نے انہیں “جنگ جیتنے” پر مبارکباد دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وقار یونس نے لکھا کہ “لڑائی جیت لی لیکن جنگ جیتنے سے بہت دور ہے۔ کپتان عمران خان کو مبارک ہو”۔ انہوں نے سابق وزیراعظم کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔
واضح رہے کہ اس ہفتے کے شروع میں جب عمران خان کو رینجرز نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا تو ملک بھر میں مظاہرے ہوئے تھے جس میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد جانیں بھی گئیں۔ وقار یونس ان مٹھی بھر کرکٹرز میں شامل تھے جو ان کے پیچھے کھڑے تھے۔
وقار یونس نے اس وقت ٹویٹ کیا تھا کہ “عمران خان آپ کے لیے زیادہ طاقت، آئیے اپنے لیڈر [اور] آزادی کی حفاظت کریں۔

” یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ سے رہائی ملنے کے بعد لاہور پہنچ گئے ہیں۔ عمران خان اسلام آباد ہائی کورٹ سے روانہ ہوکر لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہچ چکے ہیں جہاں پر پی ٹی آئی کارکنان نے ان کی گاڑی کو پہنچتے ہی اپنے حصار میں لے لیا۔ زمان پارک اور ٹھوکر نیاز بیگ کے باہر کارکنان کی بڑی تعداد جشن منانے پہنچی۔
کارکنان عمران خان کے استقبال کیلئے موجود ہیں اور آتش بازی جاری ہے جبکہ کارکنان میں عمران خان کی رہائی پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ واضح رہے کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے رہائی کے بعد اسلام آباد انتظامیہ نے عمران خان کے لاہور واپسی کے راستے بلاک کردیے تھے۔ عمران خان نے انتظامیہ کو 15 منٹ کا الٹی میٹم دیا تھا۔ کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد روٹ کلیئر ہوئے اور عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ سے روانہ ہوئے اور قافلے کی صورت میں لاہور پہنچے۔