یو این سیکرٹری جنرل کا عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر بیان

گرفتاری کے نتیجے میں ہنگاموں کے بجائے پر امن احتجاج کیا جائے،حکام قانون کی حکمرانی کا احترام کریں،انتونیو گوتریس

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے زور دیا ہے کہ عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی میں مناسب طریقہ کار اپنائیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ گرفتاری کے نتیجے میں ہنگاموں کے بجائے پر امن احتجاج کیا جائے،فریقین تشدد کی کارروائیوں سے گریز کریں۔
انہوں نے پر امن احتجاج کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام قانون کی حکمرانی کا احترام کریں،عمران خان کیخلاف قانونی کارروائی میں مناسب طریقہ کار اپنائیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ سابق پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بارے میں آگاہ ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ جیسے پہلے کہہ چکے ہیں کہ امریکا کسی ایک سیاسی امیدوار یا جماعت پر پوزیشن نہیں رکھتا،پوری دنیا میں جمہوری اقدار کی عزت اور قانون کی حکمرانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم زور دیتے ہیں عمران خان کی گرفتاری پر تمام مظاہرین پر امن طور پر اپنی شکایات کا اظہار کریں جبکہ حکام بھی حقوق،جمہوری اصولوں کے مطابق تحمل سے جواب دیں۔ جبکہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ قانون اور آئین کے مطابق ہو۔ سیکریٹری خارجہ جیمز کلیورلی نے بلنکن کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کو دولت مشترکہ کے رکن پاکستان کے ساتھ ”ایک دیرینہ اور قریبی تعلقات“ چاہتا ہے،جیمز کلیورلی نے کہا کہ ہم اس ملک میں پرامن جمہوریت دیکھنا چاہتے ہیں،انہیں صورتحال کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔