رات گئے روس کے 35 ڈرونز تباہ کردیے : یوکرینی فوج

کیف : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) روس کی جانب سے یوکرین پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے اسی تناظر میں یوکرین نے روسی ڈرونز مار گرانے کے اعلانات بھی کیے گئے ہیں۔ روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر کئی علاقوں پر حملے کیے ہیں جن سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کے بعد یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف نے اعلان کیا کہ اس کی افواج نے ملک بھر میں مختلف اہداف پر راتوں رات روس کی طرف سے لانچ کیے گئے حملوں کے دوران تمام 35 ایرانی ساختہ ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔

یوکرینی فوج کی روزانہ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ روس نے گزشتہ رات بھی 16 میزائل حملے کیے تھے جن میں بنیادی طور پر خارکیف، کھیرسن، میکولائیو اور اوڈیسا کے شہروں پر حملہ کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرینی فورسز اور آبادی والے علاقوں پر 61 فضائی حملے کیے گئے اور بھاری میزائل لانچنگ سسٹم کے ذریعے 52 حملے کیے گئے ،جس میں عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے اور اونچی عمارتوں، نجی گھروں اور دیگر شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ “ویگنر” باخموت شہر پر اپنا زور دار حملہ جاری رکھنے کے لیے افواج کے ساتھ ملا ہوا ہے، افواج شہر کے مغربی علاقے پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ واضح رہے کئی ماہ سے روسی فوج نے یوکرین کے علاقوں بالخصوص مشرق میں اپنے حملے تیز کر دیے ہیں ، روسی افواج ڈونباس کے پورے علاقے کو کنٹرول میں لانے کی کوشش کر رہی ہیں۔