اسلام آباد، لاہور(این این آئی)ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 17.21 فیصد پر پہنچ گئی۔ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 12 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، 24 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔اعداد و شمار کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط فی کلو قیمتنے ایک بار پھر سنچری مکمل کر لی اور چینی اوسط ایک روپے 90 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوئی، چینی کی اوسط فی کلوقیمت 100 روپے 92 پیسے ہو گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق مٹن کی
اوسط فی کلو قیمت 10 روپے 53 پیسے بڑھی جبکہ بیف کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 44 پیسے کا اضافہ ہوا۔ادارہ شمارت کے مطابق حالیہ ہفتے گھی 83 پیسے فی کلو مہنگا ہوا،دودھ 12 پیسے فی کلو، دہی 23 پیسے فی کلو اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک روپے 9 پیسے مہنگا ہوا۔اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ رواں ہفتے کیلا 2 روپے 14 پیسے اور انڈے 5 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔ادارہ شمارت کے مطابق مرغی 21 روپے 92 پیسے فی کلو اور ٹماٹر 2 روپے 68 پیسے فی کلو سستے ہوئے،پیاز 68 پیسے اور آلو 29 پیسے فی کلو سستے ہوئے۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبے میں چینی کی ریٹیل قیمت مقرر کر دی جس کے تحت چینی 85 روپے فی کلو پر فروخت کی جائے گی۔محکمہ صنعت کی جانب سے پنجاب کے تمام کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کے نام جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ سیزن میں چینی کی پیداواری لاگت کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رہنمائی حاصل کی گئی ہے۔ مارکیٹ میں اس وقت ایکس مل قیمت 95 روپے تک ہے جبکہ ریٹیل قیمت 100 کے قریب ہے جو کسی بھی طرح جائز نہیں۔ٹرانسپورٹیشن چارجز، منافع کے مارجن کے ساتھ چینی کی ایکس مل قیمت 80روپے فی کلو (بشمول ٹیکسز) نوٹیفکیشن کیا گیا ہے جبکہ ریٹیل قیمت 85روپے فی کلو سے زیادہ نہیں ہو گی۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں وہ اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیزکو فوری آگاہ کریں۔