لاہور (بیورو رپورٹ) لاہور کے مشہور و معروف سروسزہسپتال کے 110 ڈاکٹرز عالمی وباء کا شکار ہوگئے ، 10 سے زائد ڈاکٹروں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سروسز ہسپتال کے 110 ڈاکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں ، عالمی وباء سے کا شکار ہونے والے ڈاکٹروں میں انستھزیا کے 10 ، پی جی آرکے 3 کنسلٹنٹ ، پیڈز کے 2 کنسلٹنٹ ، 9 پی جی آر اور 4 آیچ او کے علاوہ پیڈز سرجری کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اور 2 پی جی آر شامل ہیں جب کہ گائنی کے 3 یونٹس کے 35 پی جی آر ، 3 ایچ او ، 4 کنسلٹنٹ سمیت میڈیسن کے 20 پی جی آر اور ایچ او اب تک کرونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ تمام کورونا مثبت ڈاکٹروں نے خود کو ہاسٹل اور گھروں میں آئسولیٹ کر لیا ہے جب کہ 10 سے زائد ڈاکٹروں کی حالت تشویشناک ہے جن کا علاج جاری ہے ، اس صورتحال کے پیش نظر ڈاکٹروں کی طرف سے ہسپتال کی آوٹ ڈور سروسز بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سروسز ہسپتال کی جانب سے محکمہ صحت کو ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ 1 ہفتہ میں 100 سے زائد ڈاکٹر متاثر ہونے سے ڈاکٹروں کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جب کہ کورونا سمت دیگر وارڈ میں کام کرنے والے ڈاکٹروں میں بھی خوف پایا جاتا ہے ، اس لیے ضروری ہے کہ ہسپتال کی اوپی ڈی کو فوری طور پر محدود کیا جائے ، کورونا مریضوں کیلئے مزید میڈیکل آفیسرز کی تعیناتی کی جائے اور تمام ڈاکٹروں کی ویکسی نیشن فوری کروائی جائے۔
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے پروٹوکول افسرکورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے ، پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے پروٹوکول آفیسر حامد رضا کورونا وائرس میں مبتلاء تھے اور پی کے ایل آئی میں ان کا علاج جاری تھا جہاں ان کے گردوں نے کام کرنا چھوڑدیا اور وہ انتقال کر گئے۔ سردار عثمان بزدار نے پروٹوکول افسر حامد رضا کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہارتعزیت کیا ، انہوں نے کہا کہ حامد رضا ایک محنتی ، فرض شناس اورپروفیشنل افسر تھے ، مرحوم نے ہمیشہ دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیے ، دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔