اسلام آباد(جنرل رپورٹر) پارلیمنٹ ہاﺅس میں کرونا کیسز کی صورتحال تشویش ناک ہو گئی ہے اور عمارت کو ایک بار پھر بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے دونوں سیکرٹریٹ کے اعلی افسران بھی کورونا کی زد میں آگئے ہیں. سینیٹ اور قومی اسمبلی کے متعدد شعبہ جات بھی کرونا سے متاثر ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی افسران اور ملازمین میں کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے.
پارلیمنٹ ہاوس میں کرونا کیسز کی شرح 30 فیصد سے بھی بڑھ گئی ہے دونوں ایوانوں کے سیکرٹریوں نے بھی سپیکر اور چیئرمین سینیٹ کو دو ہفتوں کے لیے عمارت بند کرنے کی تجویز دے دی ہے.
قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں بھی وزارتوں کے 50 سے 70 افسران کی شرکت پر تشویش کا اظہار کیا گیا کمیٹیوں کے اجلاس کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی رہے کئی اراکین چیئرمین کمیٹی اور وزراءماسک تک استعمال نہیں کر رہے.
اس سے قبل کورونا کی دوسری لہر کے دوران بھی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کی تمام سرگرمیاں معطل کردی گئی تھیں اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چار سے چھ نومبر2020 تک سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ بند رہا تھا. پارلیمینٹ ہاﺅس میں کورونا سے بچاﺅ کیلئے اسپرے کرایا گیا اور صرف ضروری عملے کو دفتر آنے کی اجازت تھی.