پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 5 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے کا امکان

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 5 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے کا امکان، یورو بانڈز کی فروخت اور آئی ایم ایف سے قرض کی قسط ملنے کے بعد آئندہ چند روز کے دوران زرمبالہ ذخائر 23 ارب ڈالرز سے تجاوز کر جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائرپانچ سال کی بلند ترین سطح 23 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔
یورو بانڈز کی فروخت اور عالمی مالیاتی اداروں سے ملنے والے قرض سے زرمبادلہ ذخائر پانچ سال کی بلند ترین سطح 23 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس سے قبل آخری مرتبہ مالی سال 16-2015 میں زرمبادلہ کے کل ذخائر 23 ارب ڈالر کی سطح پر تھے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے ڈھائی ارب ڈالر کے یورو بانڈز فروخت کیے ہیں جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے بھی پاکستان کو 49 کروڑ 90 لاکھ کی قسط وصول ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک ہائیڈرو پاور پلانٹ منصوبے کے لئے 30 کروڑ ڈالر اور کرونا وائرس کیخلاف ورلڈ بینک نے 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق یورو بانڈز، عالمی مالیاتی اداروں سے ملنے والے فنڈز، ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اس قدر اضافہ ہوا ہے کہ یہ 5 سال کی بلند رین سطح پر پہنچ جائیں گے۔
دوسری جانب زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں مسلسل گراوٹ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید153.10روپے سے گھٹ کر152.80روپے اور قیمت فروخت153.20روپے سے گھٹ کر153روپے ہوگئی جب کہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید153.20روپے سے گھٹ کر152.70روپے اور قیمت فروخت153.50روپے سے گھٹ کر153.20روپے ہوگئی ۔دیگر کرنسیوں میں یورو کی قیمت خرید178روپے سے گھٹ کر177.50روپے اور قیمت فروخت180روپے سے گھٹ کر179.30روپے ہوگئی جب کہ برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید209روپے سے گھٹ کر208.50روپے اور قیمت فروخت211روپے سے گھٹ کر210.50روپے ہوگئی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں