تحریک انصاف کے سیاسی جماعتوں اور حکومتی اتحادیوں سے رابطے

چوہدری پرویز الٰہی نے خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں کو ٹیلی فون کیا،موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی

لاہور (نیوز ڈیسک) آئین کی پاسداری اور موجودہ سیاسی صورتحال،پی ٹی آئی نے مختلف سیاسی جماعتوں اور حکومتی اتحادیوں سے رابطے شروع کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر چوہدری پرویز الٰہی نے مختلف رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے،سابق وزیراعلٰی پنجاب نے خالد مقبول صدیقی،مصطفٰی کمال اور وسیم اختر کو ٹیلی فون کیا۔
صدر پی ٹی آئی نے طاہر القادری کے بیٹے حسن محی الدین اور خرم نواز گنڈا پور سے بھی رابطہ کیا،پرویز الٰہی نے تمام رہنماؤں سے موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ دوسری جانب وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان ایک بار پھر اصولی لڑائی لڑنے نکلے ہیں،آئین کی پاسداری کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے،ایم کیو ایم پاکستان سے رابطہ کیا ،سندھ کی دیگر سیاسی جماعتوں اور جماعت اسلامی سے کل بات ہو گی۔
شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ عمران خان نے مجھے اور پرویز الٰہی کو ذمہ داری سونپی ہے،کل کراچی جاؤں گا اور جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات کروں گا،پی پی ہمیشہ آئین کی بات کرتی تھی اب خاموش کیوں ہے؟ انکا کہنا تھا کہ حکومت آئین پر حملہ کر رہی ہے اور ہم آئین پر عمل چاہتے ہیں،آئین پر عمل نہ کیا گیا تو ملک کو بہت نقصان ہو گا۔ مجھ پر الزام ہے میں نے لوگوں کو اکسایا،میں اکسانے والوں سے نہیں سمجھنے والوں میں سے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کل کور کمیٹی میٹنگ میں انتخابات ملتوی کیس کی آپ بیتی بیان کی۔ مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ کیس کی سماعت کیلئے فل کورٹ بنائیں،چیف جسٹس پاکستان نے رولز اور قوانین کے تحت 3 رکنی بینچ بنایا،بیرسٹر علی ظفر نے عدالت میں پی ٹی آئی کا نقطہ نظر پیش کر دیا ہے،آئین کے دفاع کیلئے وکلاء اور ججز کے ساتھ کھڑے ہیں۔