جسٹس قاضی فائر عیسٰی کیخلاف ریفرنس واپس لینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر

حکومت نے عدالت عظمٰی کے فیصلے کیخلاف ریفرنس اور متفرق درخواستیں واپس لینے کی استدعا کر دی،حکومت اس کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی،درخواست میں مؤقف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائر عیسٰی کیخلاف ریفرنس واپس لینے کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے درخواست میں عدالت عظمٰی کے فیصلے کیخلاف کیوریٹو ریویو یفرنس اور متفرق درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت جسٹس قاضی فائر عیسٰی کیخلاف دائر اپیل واپس لینا چاہتی ہے،حکومت اس کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی،انصاف کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ریفرنس کی پیروی نہیں چاہتے۔
صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے بھی متفرق درخواستیں واپس لینے کی استدعا کی گئی،درخواست میں کہا گیا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق متفرق سول اپیلیں واپس لیتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو ریفرنس واپس لینے کا حکم دے رکھا ہے،انہوں نے کہا کہ کمزور بے بنیاد وجوہات پر کیوریٹو ریفرنس دائر ہوا تھا،حکومت نے اب اس ریفرنس کی پیروی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ پہلے ہی اس فیصلے کی منظوری دے چکی ہے،جبکہ وفاقی حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف کیوریٹو ریویو واپس لینے اور ریفرنس بنانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کیا تھا۔ خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کیوریٹو ریویو واپس لینے کی منظوری دی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف جو کیوریٹو ریویو داخل کیا گیا تھا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی،یہ کیوریٹو ریویو قاضی فائز عیسیٰ کو دباؤ میں رکھنے کیلئے دائر کیا گیا تھا۔