ترکیہ زلزلہ متاثرین کو امداد دینے والے ممالک میں سعودی عرب سرفہرست

جینیوا : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) سعودی عرب ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی امداد میں سب سے آگے نکل گیا، اقوام متحدہ نے سعودی عرب کی جانب سے ترکیہ کی امداد کا اعتراف کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور (OCHA) نے ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی فوری مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے ۔

’اوچا‘ کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد امدادی ادارے کی طرف سے ایک ارب ڈالر کی امداد کی اپیل کی گئی تھی ، جس کے جواب میں امداد دینے والے ممالک کی طرف سے 26 کروڑ 8 لاکھ ڈالر جمع ہوئے ، امداد دینے والے ممالک میں سعودی عرب سر فہرست ہے۔

ترجمان جینز لایرکے نے تصدیق کی ہے کہ اپیل کو 27 فیصد فنڈز فراہم کیے گئے اور سب سے زیادہ عطیہ دہندگان میں مملکت سعودی عرب، امریکا، کویت، یورپی کمیشن اور اقوام متحدہ کے ہنگامی فنڈ تھے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ امداد ترک حکومت کی قیادت کی طرف سے امداد کی اپیل کا جواب ہے، دو ماہ قبل آنے والے زلزلے سے9 ملین افراد براہ راست متاثر ہوئے تھے، جبکہ 30لاکھ لوگ بے گھر ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے 4.1 ملین سے زیادہ لوگوں تک خوراک کے سوا دیگر امداد پہنچا چکے ہیں اور 30 لاکھ افراد کو ہنگامی خوراک کی امداد فراہم کی گئی ہے، جبکہ 7 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اپنے رہائش گاہوں کو بہتر بنانے کے لیے مدد ملی ہے، جن میں خیمے، ریلیف ہاؤسنگ یونٹس شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ترکیہ میں وزارت صحت کو 4.6 ملین ویکسین کی خوراک، 16 موبائل ہیلتھ کلینکس، ادویات اور طبی سامان کے علاوہ تولیدی صحت اور صدمے اور زخموں کے علاج کے لیے مدد فراہم کی گئی ہے۔