بھارت : ہائیکورٹ کے جج کی سپریم کورٹ سے انوکھی استدعا

نیو دہلی : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہائیکورٹ کے جج نے سپریم کورٹ سے حیران کن استدعا کر دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے جج اتُل سری دھرن نے گزشتہ دنوں سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ میری بیٹی آئندہ برس اسی عدالت سے جہاں میں ابھی فرائض انجام دے رہا ہوں، وکالت کا آغاز کرے گی اس لیے میرا تبادلہ کسی اور ریاست میں کردیا جائے۔

مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے جج سری دھرن نے کہا کہ بطور جج اسی ہائی کورٹ میں رہنا مفادات کا ٹکراؤ ہوگا،اس لیے اس سے بچنے کے لیے میرا تبادلہ کردیا جائے۔

رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے جج کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان کا تبادلہ مقبوضہ جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں کردیا۔

مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے تبادلے کے بعد اپنی ایمانداری اور دیانتداری کی وجہ سے جج سری دھرن کے ان دنوں سوشل میڈیا پر بھی کافی چرچے ہیں ۔