لاہور ہائیکورٹ کا اظہر مشوانی کو پیش کرنے کا حکم

پیر کے روز اظہر مشوانی کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔جسٹس عالیہ نیلم ، اظہر مشوانی کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب

لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے کارکن اظہر مشوانی کو بازیاب کرکے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عالیہ نیلم نے اظہر مشوانی کے بھائی مظہرالحسن کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے پیر کے روز اظہر مشوانی کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے اظہر مشوانی کے خلاف درج مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے سوشل میڈیا کے فوکل پرسن اظہر مشوانی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔درخواست اظہر مشوانی کے بھائی مظہرالحسن نے دائرکی ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ اظہر مشوانی پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن ہیں، 23 مارچ کو اظہر مشوانی کو گھر کے باہر سے اغوا ء کیا گیا، اظہر مشوانی کے اغوا ء کا مقدمہ تھانہ گرین ٹائون میں درج کرایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ پولیس کو اظہر مشوانی کو بازیاب کروا کر عدالت پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔جبکہ اظہر مشوانی کی بازیابی کے لیے اہلیہ ماہ نور نے بھی چیف جسٹس کو خط لکھا تھا ۔خط میں اہلیہ ماہ نور نے کہا کہ میرے خاوند گھر سے زمان پارک کے لیے نکلے وہ زمان پارک پہنچے نہ گھر واپس آئے۔خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس خاوند کی بازیابی کیلیے نہ تعاون کر رہی ہے اور نہ ہی ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔
اہلیہ ماہ نور کا کہنا ہے کہ میرا یقین ہے میرے شوہر کو پنجاب پولیس نے ایف آئی اے سے مل کر غیر قانونی حراست میں رکھا ہے۔انہوں نے چیف جسٹس سے استدعا کی کہ میرے شوہر کی بازیانی کیلیے سپریم کورٹ اس معاملے میں مداخلت کرے۔خیال رہے کہ اظہر مشوانی اب تک لاپتہ ہیں ۔ اظہر مشوانی پر پورے ملک میں کہیں بھی کوئی مقدمہ تاحال سامنے نہیں آیا۔ اس وقت سوشل میڈیا پر “#ReleaseAzharMashwani” ٹاپ ٹریند بنا ہوا ہے۔