37

یوسف گیلانی، اسد قیصر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون پر متفق

یوسف گیلانی، اسد قیصر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعاون پر متفق

سابق وزیراعظم اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون پر متفق ہوگئے۔

یوسف رضا گیلانی اور اسد قیصر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں پارلیمان کا ماحول بہتر بنانے اور انتخابی اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دوران گفتگو اسد قیصر نے ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر کرنے کی ضرورت پر زور دیا تو یوسف رضا گیلانی نے ایوان کی کارروائی احسن انداز سے چلانے کے لیے تعاون کی بات کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمان کی تکریم اور تقدس کو قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر کیا جا سکتا ہے، انتخابی اصلاحات وقت کی عین ضرورت ہیں۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ ایوان کو ہمیشہ اسمبلی قواعد اور ضوابط کے عین مطابق چلایا، اپوزیشن پارلیمانی کمیٹی کے لیے جلد نام دیں تا کہ اصلاحات پر کام شروع کیا جاسکے۔

اُن کا کہنا تھا کہ مفاد عامہ کے لیے قانون سازی کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو کردار ادا کرنا ہو گا۔

یوسف رضا گیلانی نے دوران گفتگو کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نوید قمر کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے، ایوان کی کاروائی احسن انداز میں چلانے کے لیے تعاون کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمانی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہم انتخابی اصلاحات کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے کیونکہ یہ اقدام عصر حاضر کا اہم تقاضا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں