اظہر مشوانی کہاں ہیں، پتہ چل گیا

معلوم ہوا ہے کہ اظہر مشوانی کو ایف آئی اے اسلام آباد لے آئی ہے، اظہر مشوانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کا لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں بیان

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا انچارج اظہر مشوانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں اظہر مشوانی لاپتہ کیس میں ایف آئی اے اور پولیس حکام پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ اب تک مغوی کے حوالے سے کیا کیا گیا ہے۔اس موقع پر پولیس حکام نے کہ معلوم ہوا ہے کہ اظہر مشوانی کو ایف آئی اے اسلام آباد لے آئی ہے۔
اظہر مشوانی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔جبکہ راولپنڈی اینٹی کرپشن پولیس نے اظہر مشوانی کی گرفتاری سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ میں درخواستگزار نے موقف اختیار کیا کہ اظہر مشوانی کی گرفتاری کی لوکیشن ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ راولپنڈی ہے۔

قبل ازیں مقامی عدالت نے بھی اظہر قاضی مشوانی کے اغواء کا مقدمہ درج کرنے اور ان کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر متعلقہ پولیس سے 28مارچ تک جواب طلب کیا تھا۔

اظہر مشوانی کے بھائی کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ اظہر مشوانی کو زمان پارک جاتے ہوئے نا معلوم افراد نے اغواء کیا ،پولیس کو ایف آئی آر کے درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔عدالت مقدمہ درج کرنے اور اظہر مشوانی کو بازیاب کرانے کا حکم دے ۔ جبکہ اظہر مشوانی کی بازیابی کے لیے اہلیہ ماہ نور نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا۔
خط میں اہلیہ ماہ نور نے کہا کہ میرے خاوند گھر سے زمان پارک کے لیے نکلے وہ زمان پارک پہنچے نہ گھر واپس آئے۔خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس خاوند کی بازیابی کیلیے نہ تعاون کر رہی ہے اور نہ ہی ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔ اہلیہ ماہ نور کا کہنا ہے کہ میرا یقین ہے میرے شوہر کو پنجاب پولیس نے ایف آئی اے سے مل کر غیر قانونی حراست میں رکھا ہے۔انہوں نے چیف جسٹس سے استدعا کی کہ میرے شوہر کی بازیانی کیلیے سپریم کورٹ اس معاملے میں مداخلت کرے۔خیال رہے کہ اظہر مشوانی اب تک لاپتہ ہیں۔