مریم نواز نے عدلیہ کیخلاف بیانیے پر کروڑوں روپے خرچ کیے،فواد چوہدری

جسٹس جمال مندوخیل نے کل کے تفصیلی فیصلے کو اندرونی معاملہ قرار دے کر مریم نواز کے کروڑوں روپے ڈبو دئیے،الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،رہنما تحریک انصاف

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ن لیگ عدلیہ کو کمزور کرنا چاہتی ہے،مریم نواز بیانیے پر کروڑوں روپے خرچ کرتی ہیں،کل سے مریم نواز اور پی ڈی ایم کا کروڑوں روپے خرچ ہو چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ بیانیہ بنایا جا رہا ہے کس طرح چیف جسٹس کو انڈر مائن کیا جائے۔
رہنما پی ٹی آئی نے انتخابات از خود نوٹس میں سپریم کورٹ کے دو ججز کے تفصیلی فیصلہ پر کہا کہ جسٹس جمال مندوخیل نے آج سپریم کورٹ میں دوران سماعت ریمارکس دئیے کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے،ہم خود دیکھ لیں گے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے اندرونی معاملہ قرار دے کر مریم نواز کے کروڑوں روپے ڈبو دئیے۔
انکا کہنا تھا کہ الیکشن کے علاوہ کوئی راستہ نہیں،سپریم کورٹ بہت اچھے طریقے سے انتخابات ملتوی کیس میں آگے بڑھ رہی ہے۔

قبل ازیں فواد چوہدری نے کہا کہ ججز کے اختلافی نوٹ سے کوئی فرق نہیں پڑتا،تحریک انصاف آزاد عدلیہ چاہتی ہے۔ ن لیگ نے ایسی خاتون کو ترجمان لگایا ہے جو کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتی۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا ایسے ترجمان لگانے سے پارٹی کا حشر کیا ہوتا ہے سب کو معلوم ہے۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے 2 ججز کے تفصیلی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کوئی پنڈورا باکس نہیں،یہ اقلیت کی رائے ہے۔ ایک صحافی نے ٹوئٹ کی کہ سپریم کورٹ میں ایک اور پنڈورا باکس کھل گیا،سپریم کورٹ کے 2 ججز نے 27 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ دیا۔ٹوئٹ میں کہا گیا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس جمال مندوخیل نے فیصلے میں قرار دیا الیکشن سے متعلق سو موٹو کو چار،تین سے مسترد کیا گیا۔