سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی خبردار ہو جائیں

ریاض(میڈیا رپورٹ) سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی خبردار ہو جائیں، مملکت میں کرونا وائرس پھر سے تیزی سے پھیلنے لگا، یومیہ کیسز کی تعداد 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ کچھ ہفتے قبل تک خلیجی خبر رساں اداروں کی رپورٹس میں خوشخبری سنائی جا رہی تھی کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کو تقریباً شکست دے دی۔
سعودی عرب میں کئی ہفتوں سے یومیہ 300 سے کچھ زائد کرونا کیسز رپورٹ ہو رہے تھے۔ رواں سال کے آغاز میں مملکت میں برطانیہ میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے تھے لیکن اس کے باوجود ملک میں کرونا کیسز کی یومیہ تعداد میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں نہیں۔
تاہم گزشتہ ہفتے کے دوران یومیہ کیسز 400 سے زائد رہنے لگے اور جمعہ کے روز کئی ماہ بعد پہلی مرتبہ 500 سے زائد یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے۔

جبکہ اب منگل کے روز 7 ماہ بعد پہلی مرتبہ سعودی عرب میں 550 سے زائد کرونا کیس رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 556 نئے کیسز اور 7 اموات رپورٹ ہوئیں۔ یوں مملکت میں اب تک 6 ہزار 663 افراد مہلک وبا کے باعث جاں بحق ہو چکے۔ جبکہ 410 مریضوں کی صحتیابی سے 3 لاکھ 77 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے۔ اس وقت سعودی عرب میں کل 5 ہزار 45 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 694 کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کا زور ٹوٹنے کے بعد عائد کرونا پابندیاں آہستہ آہستہ نرم کی جا رہی ہیں، تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ سعودی حکومت رواں سال 17 مئی سے کرونا سفری پابندیاں ختم کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔ سعودی عرب میں 17 سے بین الاقوامی پروازیں مکمل طور پر بحال ہو جائیں گی، جبکہ اسی روز سے مملکت کی تمام زمینی اور سمندری سرحدیں بھی کھول دی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں