مفت آٹا سکیم، نارنگ منڈی میں آٹے کے تھیلے ہوٹلوں کو بیچنے کا انکشاف

نارنگ منڈی: (نیوز ڈیسک) نارنگ منڈی میں مفت آٹا پوائنٹ میں بلدیہ نارنگ کے ملازمین کی جانب سے مبینہ خورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق آٹے کے 4 ہزار سے زائد تھیلے بلدیہ ملازمین نے اپنے قریبی عزیزوں میں بانٹ دیئے، اس کے علاوہ مفت آٹے کے تھیلے ہوٹلوں کو سستے داموں فروخت کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے، شہریوں کی شکایت کے بعد ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی، اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے انکوائری میں فوکل پرسن آٹا پوائنٹ میاں انتظار کو قصور وار قرار دے دیا گیا۔

نارنگ منڈی پولیس نے ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر ملزم انتظار کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا، مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے 10538 تھیلے وصول کیے جن میں سے صرف 6149 تھیلے تقسیم کئے، 4389 تھیلے خورد برد کیے گئے، ملزم نے آٹے کی خورد برد میں قومی خزانے کو تقریباً 51 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا۔