کراچی میں پولیس اور رینجرز کی کارروائی، 100سے زائد وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

کراچی : (کرائم ویب ڈیسک ) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے100 سے زائد ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان ریکی کرکے بینک آنے جانے والےکاروباری افراد کو لوٹتے تھے، ملزمان موٹرسائیکلیں چوری کرکے بلوچستان کے علاقے چیکو باغ میں فروخت کرتے تھے۔

ترجمان رینجرز کا کہنا ہےکہ ملزمان نے 150سے زائد موبائل فونز اور 5 لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹنے سمیت 100 سے زائد ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان میں حکمت اللہ، ظاہرشاہ اور عبدالرشید شامل ہیں، ملزمان منشیات فروشی میں بھی ملوث ہیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔