ایف آئی اے کے الزامات بے بنیاد ہیں: جہانگیر ترین

ایف آئی اے کے الزامات بے بنیاد ہیں: جہانگیر ترین

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے الزامات کو بےبنیاد قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کے خلاف مبینہ فراڈ  اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ نجی آڈٹ فرم میری کمپنیوں کے اکاؤنٹس کو پہلے ہی درست قرار دے چکی ہے۔

جہانگیر ترین نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر موقف اختیار کیا کہ تمام شیئرز قانونی، کھاتے قانون کے مطابق منتقل کیے گئے۔

واضح رہے کہ جہانگیر ترین اور اُن کے صاحبزادے علی ترین کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور کی تحقیقاتی ٹیم نے 3 ارب 14 کروڑ روپے کے مبینہ فراڈ کا مقدمہ درج کیا ہے۔

ایف آئی اے کی جانب سے جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف ایف آئی آر 22 مارچ کو درج کی گئی۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ جہانگیر ترین نے پلپ کمپنی میں مبینہ طور پر اربوں روپے کے غیرقانونی شیئر منتقل کیے، جےڈی ڈبلیو سے پلپ کمپنی میں شیئرز فراڈ کے ذریعے منتقل کیے گئے۔

ایف آئی آر کے مطابق کمپنی کے باقی عہدے داروں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

ایف آئی اے نے جہانگیر ترین اور علی ترین کے خلاف 2 ارب 20 کروڑ روپےکی منی لانڈرنگ کامقدمہ بھی درج کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں