سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی ، کالعدم تنظیم کے 5 اہم دہشت گردگرفتار

لاہور : (کرائم ڈیسک) دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5 اہم دہشت گرد گرفتار کرلیے۔

کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پنجاب کے شہر گوجرانولہ اور ڈیرہ غازی خان میں کارروائی کی ، گرفتار دہشت گردوں میں عبدالمقیت ، عابد وحید ، گل زمان ، رمضان اور اکرام شامل ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد ، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان اور اسلحہ برآمد ہوا ہے، کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی گرفتاری 33 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران ممکن ہوئی۔

سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق رواں ہفتے 420 کومبنگ آپریشن میں 66 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

حکام کا مزید کہنا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث شرپسند عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ۔