راولپنڈی تھانہ نیوٹاؤن پولیس کی کارروائی ، قتل چوری و ڈکیتی کے واقعات میں ملوث گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار

راولپنڈی (کرائم ڈیسک) راولپنڈی تھانہ نیوٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل چوری و ڈکیتی کے درجنوں واقعات میں ملوث گینگ کا سرغنہ ساتھی سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
جمعہ کو تھانہ نیوٹاؤن کے ایس ایچ او راجہ اعزاز نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ سٹریٹ کرائم میں ملوث گینگ کا سرغنہ زاہد عرف پتا اور ساتھی ملزم محمد مزمل کو گرفتار کر کے وارداتوں کے دوران چھینی کی نقدی 03 لاکھ 59 ہزار، شہریوں کے چوری ہونے والے 05 موٹرسائیکلز اور ملزمان کے زیر استعمال اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے۔

ایس ایچ او نیو ٹاؤن نے بتایا کہ گرفتار ملزمان متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں اور شہریوں سے اسلحہ کی نوک پر قیمتی سامان و رقم چھیننے کے علاوہ قتل، چوری و ڈکیتی کے وارداتوں میں درج مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔نیوٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے شناخت پریڈ کے بعد رقم و مال مسروقہ برآمد کیا گیا ہے۔