راولپنڈی (کرائم رپورٹر) تھانہ صدر بیرونی پولیس کی اہم کاروائی، غیرت کے نام پر اپنی سگی بہن کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم چچا سمیت گرفتار،دس روز قبل اڈیالہ روڈ کے قریب ملزم نے اپنے چچا کی ایمائ پر غیرت کے نام پر اپنی بہن کائنات کو قتل کر دیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کا سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کے خلا ف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،تھانہ صدربیرونی پولیس کو مقتولہ کی والد ہ گل سانگہ نے درخواست دی کہ مقتولہ کائنات کی شادی عرصہ قریب 05 سال قبل فرہاد سے ہوئی، فرہاد اور کائنات کے مابین ایک سال سے ناراضگی چل رہی تھی، ناراضگی کی وجہ فرہاد کو مقتولہ کے وقاص نامی شخص سے تعلقات کا شک تھا،گل زادہ نے اپنے چچا نذیر اللہ کے اکسانے پر اپنی سگی بہن کائنات کا گلہ بجلی کی تار کی مدد سے دبا کر اسے قتل کردیا، اے ایس پی صدر سرکل کی سربراہی میں ایس ایچ او صدر بیرونی اور ان کی ٹیم نے جدید سائنسٹیفک طریقہ تفتیش سے ملزمان گل زادہ اور اس کے چچا نذیر اللہ کو ٹریس کر کے گرفتارکرلیا، ایس پی صدرکامران حمید کا کہناتھاکہ سنگین جرائم میں ملوث ملزمان اور اشتہاری مجرمان کے خلاف کاروائیوں کاسلسلہ جاری رکھا جائیگا،سی پی او محمد احسن یونس نے ایس پی صدر، اے ایس پی صدر سرکل، ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ سنگین مقدمہ میں ملوث ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
