آرمی چیف کیخلاف مہم اداروں کیخلاف سازش کا تسلسل ہے: وزیراعظم

اسلام آباد : (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے فوج اور اس کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کے خلاف بیرون ملک چلنے والی غلیظ مہم کی شدید مذمت کی ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مرحلہ وار ٹوئٹس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آرمی چیف کے خلاف مہم ناقابل برداشت اور اداروں کے خلاف سازش کا تسلسل ہے ، بیرون ملک محب وطن پاکستانی فارن فنڈڈ مہم کے خلاف آواز بلند کریں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ زہریلی سیاست کو بیرون ملک پاکستانیوں کے ذریعے پھیلا رہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اس سازش کا حصہ نہ بنیں ، عمران خان اداروں اور ان کے سربراہوں کو اپنی گندی سیاست میں گھسیٹ کر آئین شکنی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افراتفری ، فساد اور بغاوت کو ہوا دینے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے ، وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ ملک کے اندر اداروں کے خلاف غلیظ مہم چلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار میرٹ پر لگنے والے آرمی چیف کے خلاف مہم ملک دشمنوں کا ایجنڈا ہی ہو سکتا ہے ، قوم اپنے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور شرپسندوں کے خلاف متحد ہے۔