نیب نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی اہلیہ کو طلب کر لیا

بشریٰ بی بی کو 21 مارچ کو طلب کیا گیا ہے،نیب ٹیم طلبی کے نوٹس کی تعمیل کیلئے زمان پارک پہنچ گئی

لاہور (نیوز ڈیسک) توشہ خانہ کیس،بشریٰ بی بی کو طلب کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو طلب کر لیا ہے،نیب ٹیم طلبی کے نوٹس کی تعمیل کیلئے زمان پارک پہنچ گئی۔نیب کی جانب سے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 21 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے طلبی کا سمن جاری کیا تھا،بشریٰ بی بی کو 9 مارچ کو طلب کیا گیا تھا۔
نیب نے فواد چوہدری اور شاہ محمود قریشی کو بھی طلب کیا گیا تھا،شاہ محمود قریشی کو 7 مارچ اور فواد چوہدری کو 8 مارچ کو طلب کیا گیا۔ نیب کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی خیال رہے کہ نیب نے 8 نومبر 2022 کو عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی تحقیقات شروع کیں،عمران خان پر توشہ خانہ کے تحائف کم قیمت پر لینے کا الزام ہے۔

ڈی جی نیب راولپنڈی توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں،نیب نے کابینہ ڈویژن اور توشہ خانہ سے عمران خان کے تحائف کا ریکارڈ حاصل کیا تھا۔نیب نے کیس میں کابینہ ڈویژن اور توشہ خانہ کے افسران کا ابتدائی بیان قلم بند کیا،نیب کے مطابق توشہ خانہ سے لیے جانے والے تحائف کی تحقیقات کی جا رہی ہیں،قطر کے چیف آف اسٹاف کی جانب سے دئیے جانے والے آئی فون کی انکوائری شامل ہے۔ 2020 میں سعودی شہزادے کی جانب سے دی جانے والی گھڑی،کف لنکس اور انگوٹھی بھی تحائف میں شامل ہے۔ جبکہ توشہ خانہ کیس کی تحقیقات کیلئے نیب ٹیم کو بیرون ملک بھی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،تحقیقات کرنے والی نیب کی ٹیم یو اے ای بھی گئی تھی۔