غریب عوام کے لیے پٹرول سستا کرنے کے حکومتی اعلان پر پی ٹی آئی کا ردِعمل

مصدق ملک کی آج تک ایک بھی بات پوری نہیں ہوئی، یہ اعلان بھی شعبدہ بازی ہے کیونکہ ایسا کوئی میکانزم ہی موجود نہیں جس کے ذریعے ایسی روایت دی جا سکے۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا ٹویٹ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) غریب عوام کے لیے پٹرول سستا کرنے کے حکومتی اعلان پر تحریک انصاف کا بھی ردِعمل آ گیا۔ انہوں نے حکومتی اعلان کو شعبدہ بازی قرار دیا۔ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر مصدق صاحب کی آج تک ایک بھی بات پوری نہیں ہوئی، یہ اعلان بھی شعبدہ بازی ہے کیونکہ ایسا کوئی میکانزم ہی موجود نہیں جس کے ذریعے ایسی روایت دی جا سکے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس کیلئے ٹیکنالوجی چاہئے جو ہم احساس پروگرام کے تحت بنا رہے تھے ۔


خیال رہے کہ وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ حکومت نے غریب عوام کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امیر اور غریب کے لیے پٹرول کی قیمت میں 100 روپے کا فرق ہو گا۔

غریب لوگوں کے لیے پٹرول پر رعایت کے فیصلے پر 6 ہفتوں میں عمل کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور نوازشریف نے کہا آپ غریب اور امیر کا پٹرول علیحدہ کریں۔گیس کی طرح دونوں کا پٹرول کا خرچہ علیحدہ کر دیا۔ وزیراعظم کے حکم کے مطابق ایک اسکیم پیش کی گئی جس میں انہیں بتایا گیا کہ مستقبل میں غریب کا پٹرول کا خرچ کم کر دیا جائے گا۔
حکومت غریب کے لیے پٹرول کی قیمت کم کرے گی۔بڑی گاڑیوں والے پٹرول کی زیادہ قیمت دیں گے جس سے غریب کے پٹرول کی قیمت کم کی جائے گی۔گذشتہ روز میڈیا پر خبریں تھیں کہ 50 روپے کم کیے جائیں تاہم وزیراعظم نے کہا کہ اسے 100 روپے تک کم کریں جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ غریب، امیر کے مقابلے میں پٹرول کی قیمت 100 روپے کم دے گا۔جو لوگ صاحب ثروت ہیں، لگثری اشیاء استعمال کرتے ہیں۔مہنگی گاڑیاں استعمال کرتے ہیں وہ اصل قیمت ادا کریں گے۔وہ لوگ جنہیں اللہ نے دیا ہم ان سے لیں گے۔پیسوں کا استعمال غریبوں پر کیا جائے گا۔