عمران خان کے بیان پر مریم نواز کا ردِعمل

چیئرمین پی ٹی آئی کو پتہ چل گیا ہے کہ اس کی دہشت گردی پر قانون حرکت میں آئے گا،ریاست پر حملے کرنے اور پولیس والوں کے سر پھاڑنے کے بعد اب انہیں امن کا بھاشن یاد آ گیا،سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن

لاہور (نیوز ڈیسک) عمران خان کے بیان پر ن لیگ کا ردِعمل سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کو پتہ چل گیا ہے کہ اسکی دہشت گردی پر قانون حرکت میں آئے گا تو اب اکسانا یاد آ گیا۔ مریم نواز نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریاست پر حملہ کرنے،درجنوں پولیس والوں کے سر پھاڑنے،گاڑیاں جلانے،پٹرول بم چلانے اور ضمانت پارک سے تربیت یافتہ دہشت گرد برآمد ہونے کے بعد اب عمران خان کو امن کا بھاشن یاد آ گیا۔

قبل ازیں عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ میری پارٹی کو ہدایت ہے کہ کتنی ہی اشتعال انگیزی کیوں نہ کی جائے،ہم نے مکمل طور پر پُرامن رہتے ہوئے آئین کی حدود کے اندر احتجاج کرنا ہے،بصورت دیگر ہم ان فسطائیوں کو مزید وحشت کا جواز فراہم کریں،ہمارے کارکنان کو تشدد پر اکسانے کی کوشش کی گئی۔
ہمارے کارکنوں کو مجرموں کی اس حکومت نے جیلوں میں ڈالا ہے،اس اقدام کیخلاف آج ہم نہ صرف عدالتوں بلکہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی رجوع کریں گے۔

ہم بیرون ملک پی ٹی آئی تنظیموں کو مقامی منتخب نمائندوں اور سیاستدانوں سے رابطہ کا کہیں گے تاکہ انہیں پاکستان میں جاری فاشزم سے آگاہ کیا جا سکے۔ انکا کہنا تھا جلد ہی میں بے نقاب کروں گا کہ میں موت کے جال میں کیسے پھنس گیا۔جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے قتل کرنے کی سازش کیسے ہوئی،یہ بھی بتاؤں گا کہ کس طرح اللہ تعالٰی نے مجھے وقت آنے پر بچایا۔ جبکہ فواد چوہدری نے کہا کہ لاہور اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے،سیکڑوں کارکن پولیس کی تحویل میں ہیں۔آئی جی پنجاب اور اسلام آباد عذاب الٰہی کو دعوت دے رہے ہیں۔