کورونا کی تیسری لہر سے بچے متاثر ہورہے ہیں، طبی ماہرین

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے مطابق کورونا وائرس کی تیسری لہر سے بچے تیزی سے متاثر ہورہے ہیں۔

ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں 10 سال تک کے 121 بچوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ترجمان پمز نے بتایا کہ اس وقت اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ دو بچے آکسیجن پر ہیں۔

ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق جو بچے کورونا وائرس کے باعث آکسیجن پر ہیں اُن کی عمریں 8 روز اور 3 ماہ ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ عالمی وبائی مرض کی تیسری لہر میں 15 بچے اسپتال میں داخل ہوئے ہیں۔

دوسری طرف ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے شکار بچوں کی مجموعی تعداد 5 ہزار 618 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 81 سال سے زائد عمر کے 11 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں