بنگلہ دیش: مسافر بس کو المناک حادثہ ، 19 افراد ہلاک

ڈھاکہ : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش میں ایک تیز رفتار مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کو ایک بس ہائی وے کی باڑ سے ٹکرانے کے بعد سڑک سے کھائی میں جا گری ، حادثے میں کم از کم 19 افراد ہلاک اور 25 زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا جب وہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے تیزرفتاری کی وجہ سے گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور بس حال ہی میں بنائے گئے ایکسپریس وے کی ریلنگ سے ٹکراتے ہوئے 30 فٹ گہری کھائی میں جاگری۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں پرانی، خراب گاڑیوں اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ کم تربیت یافتہ ڈرائیوروں کی وجہ سے بھی حادثات کے واقعات اکثر ہوتے رہتے ہیں۔

ہائی وے ایکسیڈنٹ مانیٹر کے مطابق بنگلہ دیش میں گزشتہ برس سڑک حادثات میں ریکارڈ 9 ہزار 951 افراد ہلاک ہوئے۔