حب ریلی : تیمور خواجہ نے میدان مارلیا، صاحبزادہ سلطان ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام

کوئٹہ : (سپورٹس ڈیسک) لاہور کے تیمور خواجہ نے صاحبزادہ سلطان اور نادر مگسی کو پیچھے چھوڑ کر حب کراس ریلی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بلوچستان کے شہر حب میں آف روڈ موٹر سپورٹس میلے میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، اے پری پئیرڈ کیٹگری میں تیمور خواجہ نے 30 کلومیٹر کا ٹریک 22 منٹ اور 29 سیکنڈ میں مکمل کیا ۔

حب جیپ ریلی میں صاحبزادہ سلطان اور نادرمگسی کی حکمرانی بھی ختم ہوئی ، دفاعی چیمپئن اور تھر ریلی کے فاتح صاحبزادہ سلطان محمد علی ٹائٹل کے دفاع میں ناکام رہے جبکہ نادر مگسی گاڑی میں خرابی کے باعث ریس مکمل نہ کرسکے۔

صاحبزادہ سلطان نے دوسری اور کراچی کے شیراز قریشی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کیٹیگری میں دینا پٹیل نے 27 منٹ 33 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ آفرین شیراز نے ڈیبیو ریس میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی ۔

سٹاک کیٹیگری میں سلطان بہادر عزیز نے کامیابی حاصل کی ۔

ایونٹ میں ملک کے مختلف حصوں سے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، گڈانی کراس پر 30 کلومیٹر کے ٹریک پر ہونے والی ریس میں لگ بھگ 80 ڈرائیوروں اور 60 موٹر سائیکل سواروں نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔