بیس فیصد شرح سودپر نظرثانی کی جائے،برآمدت کو تیزی سے فروغ دے کر بحران سے نکلا جا سکتا ہے،صدراسلام آبادچیمبر

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اسٹیٹ بینک سے مطالبہ کیا کہ کاروبار اور معیشت کو بحال کرنے کے لیے شرح سود میں کمی پر نظر ثانی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے صدر سردار طاہر محمودکے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
احسن بختاوری نے کہا کہ نجی شعبے میں کاروبار کیلئے بینکوں سے قرضوں کے حصول کے لئے مشکلات درپیش ہیں جس کی وجہ سے کاروبار اور سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بلند شرح سود اور تعمیراتی شعبے پر زائد ٹیکسوں کے معاملات پر تاجر برادری کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کرے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت ملکی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ اس کی ترقی سے 70 سے زائد متعلقہ صنعتوں کا کاروبار چلتا ہے تاہم تعمیراتی صنعت ان دنوں مختلف مسائل کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار تعمیراتی صنعت کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ میٹنگ کریں تاکہ وہ ان کے مسائل سن کر ان کے حل کیلئے اقدامات کریں ۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ برآمدات کو تیزی سے فروغ دے کر معاشی بحران سے نکلا جا سکتا ہے لہذا حکومت برآمداتی شعبے کے مسائل کو فوری حل کرے تا کہ برآمدات میں بہتر اضافہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروبار کرنے کی لاگت میں کمی لانے اور کاروبار کرنے میں آسانیاں پید اکرنے پر خصوصی توجہ دے جس سے معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو گی۔چیمبر کے سابق صدر محمد اعجاز عباسی، اسلام آباد اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل زاہد رفیق، چوہدری مسعود، چوہدری ندیم الدین، طاہر عباسی، عابد خان، محمد نوید ملک، سیف الرحمن خان،بابر چوہدری اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔