ریاست پر حملہ آور شخص کو ضمانت کا بنڈل پیکیج ملا،مریم اورنگزیب

ریاست کیلئے زخم کھانے والوں کو پیغام ہے کہ فارن ایجنٹ نظام عدل سے بالاتر ہے،وفاقی وزیر طلاعات

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پولیس کے سر پھاڑنے،عدالتی نظام ،ریاست پر حملہ آور شخص کو ضمانت کا بنڈل پیکج ملا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر کڑی تنقید کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریاست کے لیے زخم کھانے والوں کو پیغام ہے فارن ایجنٹ عمران خان نظام عدل سے بالا تر ہے،عمران خان نے پیٹرول بم پولیس اور رینجرز پر نہیں عدالتی احکامات پر پھینکے۔


قبل ازیں مریم اورنگزیب نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ زمان پارک میں ریاستی اداروں کو چیلنج کیا جا رہا ہے، بار بار وقت ملنے کے باوجود عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، وہ غیر قانونی عمل سے عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، پولیس کرپشن کیسز میں عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے عدالتی احکامات کی تعمیل پر زمان پارک میں موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک میں کارروائی کے دوران پولیس کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھے، پولیس اہلکاروں کو ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا گیا، ان کی گاڑیوں پر پٹرول بموں سے حملے کئے گئے۔ اس مجرمانہ فعل کی وجہ سے ڈی آئی جی آپریشنز سمیت 65 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کے لئے پارٹی کارکنوں، خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ آڈیو لیک اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں اور سینئر عہدیداروں سے پٹرول منگوا کر پٹرول بموں میں استعمال کروایا۔عمران خان غیر قانونی عمل سے عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں،آئین پاکستان میں قانون سب کے لئے برابر ہے۔